خواتین کو با اختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا کردار ادا کیا ہے، خواتین کو با اختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نیویارک میں ویمن ان اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مسلمان خواتین کے حقوق اجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہیں، مسلم اور غیر مسلم خواتین کو معاشرے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا ، عالمی برادری کو بھی خواتین کی حوصلہ شکنی کرنے والوں کے خلاف کام کرنا ہوگا، خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دنیا بھر کی خواتین کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مراعات دینا ہوں گی، مسلم معاشرے میں خواتین پر پابندیوں کے تاثر کو ختم کرنا ہوگا، اسلام خواتین کے حقوق کی پاسداری کرتا ہے۔