سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف انتقال کرگئے
دبئی: (کراؤن سٹار نیوز) سابق صدر پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔
جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، سفارتی ذرائع نے سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔
سابق صدر کے اہلخانہ نے بھی جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے، اہلخانہ کے مطابق پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی میں انتقال ہوا۔
جنرل (ر) پرویز مشرف کی زندگی پر ایک نظر
سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943ء کو دہلی میں پیدا ہوئے،قیام پاکستان کے بعد فیملی کے ہمرا کراچی منتقل ہوئے، 1964 میں پاکستان کی بری فوج میں شامل ہوئے اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں شرکت کی، وہ آرمی سٹاف اینڈ کمانڈ کالج کوئٹہ کے گریجویٹ تھے، 7 اکتوبر 1998 کو بری فوج کے چیف آف سٹاف کے منصب پر فائز ہوئے۔
12 اکتوبر 1999 کو انہوں نے بحیثیت آرمی چیف اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹ کر انہیں گرفتار کر لیا تھا اور ریفرنڈم کے انعقاد کے بعد صدر منتخب ہوئے تھے، 2001 سے 2008 تک صدر پاکستان کے عہدے پر براجمان رہے، بعد ازاں اسمبلیوں نے بھی اس فیصلے کی توثیق کردی تھی تاہم 9 سال بعد پرویز مشرف فوج کے سربراہ کے عہدے سے 28 نومبر 2007 کو سبکدوش ہوگئے اور 18 اگست 2008 کو دبئی چلے گئے تھے۔
عسکری قیادت کا اظہار افسوس
عسکری قیادت نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، آرمی چیف اور تینوں سروسز چیفس نے پرویز مشرف کے درجات کی بلندی کیلئے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
پرویز الٰہی اور مونس الٰہی
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہٰی نے سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ بیگم صہباء مشرف، بیٹے بلال مشرف اور بیٹی عائلہ مشرف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
فواد چودھری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر ایک بیان میں کہا کہ پرویز مشرف بہت بڑے انسان تھے، ان کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے، ہمیشہ پاکستان فرسٹ ان کی سوچ اور نظریہ تھا، خدا غریق رحمت کرے۔
پرویز مشرف انتقال کر گئے، وہ بہت بڑے انسان تھے ان کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے ہمیشہ پاکستان فرسٹ ان کی سوچ اور نظریہ تھا، خدا غریق رحمت کرے