Site icon کرون اسٹار نیوز

پی ٹی آئی کی داتا دربار تک انتخابی ریلی، جگہ جگہ استقبال، عمران خان کا اتوار کو جلسے کا اعلان

تحریک انصاف کی انتخابی ریلی آغاز میں زمان پارک سے گڑھی شاہو پہنچی، ریلی میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی، گڑھی شاہو پہنچنے پر ریلی کا تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

گڑھی شاہو چوک پر کارکنوں کی جانب سے قیادت کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی، ریلی کے دوران اپنی گاڑی میں موجود سابق وزیر اعظم عمران خان ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب بھی دیتے رہے، ریلی کا دو موریہ پل پہنچنے پر آتش بازی سے استقبال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم،وزیرداخلہ سے جان کا خطرہ،سپریم کورٹ سے سکیورٹی مانگ رہے ہیں: عمران

دو موریہ پل سے پی ٹی آئی کی ریلی داتا دربار پہنچی تو وہاں پر پہلے سے بڑی تعداد میں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے استقبال کیا، ریلی کے استقبال کیلئے داتا دربار کے باہر کنٹینر لگا کر خصوصی سٹیج بھی سجایا گیا تھا، ریلی ختم ہونے کے بعد عمران خان واپس روانہ ہو گئے۔

داتا دربار پہنچنے پر اپنے مختصر خطاب میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا، پوری قوم نے جدوجہد کرنی ہے، اتوار 19 مارچ کو دن 2 بجے مینار پاکستان پر جلسہ کروں گا۔

ریلی کی دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود لاہور کی عوام جگہ جگہ عمران خان کا تاریخی استقبال کر رہی ہے، وہ عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں، زندہ دلانِ لاہور نے تاریخی استقبال کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ریلی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھ کر حکمرانوں کے ہوش اڑ چکے ہیں، توشہ خانہ چوروں کو عوام کا سمندر بہا کر لے جائے گا، مریم نواز اور ان کے حواریوں کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے، ان کی فضول گفتگو پر عوام دھیان نہیں دیتے۔

Exit mobile version