Site icon کرون اسٹار نیوز

کراچی پولیس آفس پر حملہ، ایس ایچ او صدر کی مدعیت میں مقدمہ درج

مقدمے میں 3 ہلاک سمیت کالعدم تحریک طالبان کے 5 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا، مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی کی دفعات سمیت سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمے کے مطابق شام 7 بجکر 15 منٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ، 7 بجکر 20 منٹ پر نفری پہنچی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ترتیب دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی

ایک دہشت گرد نے تیسری منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ ایک دہشت گرد چوتھی منزل پر سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارا گیا اور تیسرا دہشت گرد چھت پر فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنا۔

مقدمے کے مطابق دہشت گرد صدر پولیس لائن کے قریب بنے فیملی کوارٹر کی عقبی دیوار پر لگی تار کو کاٹ کر داخل ہوئے، تین دہشت گرد ایک گاڑی میں پولیس صدر لائن پہنچے تھے، حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے سوشل میڈیا کے ذریعے قبول کی۔

مقدمے کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے چار جوان شہید ہوئے جبکہ اٹھارہ افراد زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ 17 فروری کی شام شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور پولیس کا خاکروب بھی شہید ہوا تھا۔

Exit mobile version