پا کستان
زمان پارک میں ہنگامہ آرائی:عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین پر مقدمہ درج
زمان پارک میں ہنگامہ آرائی پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ ایس ایچ او تھانہ ریس کورس ریحان انور کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے کا نمبر 410/23 ہے، مقدمہ میں دہشت گردی سمیت 20 دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ تحریک انصاف کے قائدین اور سینکڑوں کارکنان نے عمران خان کی ایماء پر سنگین جرائم کیے، پی ٹی آئی کارکنان عوام کے لئے مشکلات اور پریشانی پیدا کرنے کے موجب بنے۔
متن کے مطابق کارکنوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، کارکنوں کے حملوں میں ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ایف آئی آر میں عمران خان اور ساتھیوں پر مجرمانہ سازش کی دفعہ بھی لگی ہیں، مقدمہ میں بلوہ، سمن وصولی سے انکار اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات بھی شامل ہیں۔