پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید 190 ملین پاؤنڈ کیس کے ’ماسٹر مائنڈ‘ ہیں۔
اسلام آباد میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ’190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں کرپشن ڈھونڈنا کوئی راکٹ سائنس نہیں۔ اس حوالے سے مجھ سے بہت تفصیل سے سوالات ہوئے ہیں، نیب کو سب کچھ تحریری طورپر دیا ہے اور اس پر دستخط کیے ہیں، مجھے کوئی دستاویز دینے کی ضرورت نہیں۔‘
سابق وزیر نے کہا کہ ’جب یہ معاملہ چلا تو وفاقی وزیر تھا۔ کابینہ کے اجلاس میں ایک بند لفافہ دکھا کر جلدی جلدی نمٹا دیا گیا تو اسی وقت کہا تھا اس پر نیب کیس بنے گا۔ کابینہ میں جو بند لفافہ دکھایا گیا وہ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھا۔ اس پر کہا کہ جب فیصلہ ہی کرانا تھا تو خود ہی کر لیتے۔ اس معاملے میں اہم کاروباری شخصیت کو مورد الزام نہیں ٹھہراتا۔‘