عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان پر ملک کا کوئی قانون لاگو نہیں ہوتا : بلاول بھٹو
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے بار بار قانون کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں جواب دینا ہو گا، میرے خاندان اور پارٹی نے ڈکٹیٹر شپ کا سامنا کیا۔
بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ عمران خان کو عدالتوں میں بلایا جاتا ہے وہ پیش نہیں ہوتے، انہوں نے خود کو بچانے کے لیے اپنے کارکنوں کو پولیس کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کرنا ہو گی، ہمیں موسمیاتی تبدیلی، غربت، معاشی حالات سے متعلق سوچ بچار کرنا ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز درپیش ہیں، افغانستان اور خطےکی سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور لاہور پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز آپریشن شروع کیا گیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن ملک گیر احتجاج کررہے ہیں۔