لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی ہر صورت روکنے کا فیصلہ، رینجرز طلب
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا ہے۔
پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کے لیے رینجرز کو طلب کر لیا ہے، رینجرز کی نفری کو زمان پارک کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مقامات پر بھی تعینات کیا جائیگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ پنجاب نے لاہور میں ایک بار دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی ریلی یا جلوس پر پابندی عائد کی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ پنجاب عامر میر نے کہا کہ دفعہ 144 صرف آج کے دن کے لیے ہے، اگر حالات خراب ہوئے تو اس کی مدت کو مزید بڑھا سکتے ہیں، دفعہ 144 کے تحت لاہور میں کسی بھی قسم کی ریلی نکالنے پر پابندی ہوگی، پنجاب حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو مشورہ ہے کہ وہ پرہیز کریں کیونکہ اُن کے بقول علاج بھی چل رہا ہے اور ہماری دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں، پلستر اترنے پر خان صاحب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈی سی لاہور نے تحریک انصاف کو ریلی کی اجازت دینے سے معذرت کر لی
وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ بارہ مارچ کو لاہور میں پی ایس ایل کا میچ ہے، آج لاہور میں میراتھن ریس اور سائیکل ریس کے بھی ایونٹس ہے، ان تمام ایونٹس کا فیصلہ ایک ماہ سے پہلے ہی کیا جا چکا ہے، لیکن عمران خان نے اچانک سے ان ایونٹس کے باوجود سیاسی ریلی کا اعلان کر دیا، اس سے قبل بھی شہر میں میچ اور عورت مارچ تھا تو انہوں نے ریلی کا اعلان کیا تھا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو دفعہ 144 کو آگے بڑھا دیا جائے گا، انتخابی مہم 6 اپریل سے شروع ہوگی اور اس سے پہلے جو بھی ہے اسے سیاسی سرگرمی کے طور پر لیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی
رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پُرامن ریلی نکلے گی اور عمران خان اس کی قیادت کریں گے۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ مریم کو ہر چیز کی اجازت ہے اور ہمیں آئینی اور قانونی حق سے روکا جا رہا ہے، یہ کھلا تضاد ہے اسی لیے ہم الیکشن میں جا رہے ہیں، حکومت نعشیں گرا کر انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہے اور نگران وزیر اعلیٰ کہہ دیں کہ وہ پی ڈی ایم کے وزیر اعلیٰ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کا آج دوبارہ لاہور میں انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے پھر 144 نافذ کر دی جس کا کوئی جواز نہیں بنتا تاہم آج کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے، تحریک انصاف کی انتخابی مہم روکنے کیلئے دفعہ 144 لگائی گئی ہے لہٰذا اس سلسلے میں یاسمین راشد اور اسلم اقبال آج الیکشن کمیشن کے آفس جائیں گے اور درخواست کریں گے کہ ریلی روکنے کا کوئی جواز نہیں اس پر ایکشن لیا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء کی ٹیم کے ذریعے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے درخواست کریں گے کہ دفعہ 144 کا نفاذ ختم کروایا جائے، بابر اعوان سپریم کورٹ میں بھی اپیل کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کریں گے۔