کوئٹہ کی ریکارڈ ساز فتح نے پلے آف کی دوڑ مزید دلچسپ بنا دی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پشاور زلمی کیخلاف ریکارڈ ساز کامیابی نے ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنادیا ہے۔
لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی پلے آف کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں، کراچی کنگز اس دوڑ سے باہر ہوگئی ہے جبکہ 3 ٹیمیں ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بقیہ 2 پوزیشنز پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
پی ایس ایل میں 25 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر لاہور کے 12، اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی 12 جبکہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے 8، 8 پوائنٹس ہیں, کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 6 اور کراچی کنگز کے 4 پوائنٹس ہیں۔
کراچی اور کوئٹہ کا ایک ایک میچ باقی ہے، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کو مزید دو، دو میچز کھیلنے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کوالیفائی کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے اب ملتان سلطانز سے اپنا آخری میچ لازمی اچھے مارجن سے جیتنا ہو گا۔
اگر بدھ کو پشاور زلمی فتحیاب ہوتی تو پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کہانی ختم ہوجاتی اور پشاور کے ساتھ ساتھ ملتان سلطانز کی بھی فائنل فور میں رسائی یقینی ہوجاتی تاہم ایسا نہ ہوسکا اور کوئٹہ نے بابر الیون کو زیر کر کے چانسز برقرار رکھے ہیں۔
10مارچ کو پی ایس ایل میں اہم میچ ہو گا جس میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، کوئٹہ کی فتح کے بعد اب اس میچ کو کوارٹر فائنل کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے کیوں کہ اس میچ کی فاتح ٹیم پلے آف میں جگہ بنالے گی۔
البتہ اگر جمعے کو ملتان سلطانز جیت جاتی ہے اور ہفتے کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملتان سلطانز کو شکست دے دے تو پھر سب کی نظریں اتوار کو اسلام آباد اور پشاور کے درمیان شیڈول میچ پر ہوں گی اور پشاور کیلئے یہ میچ جیتنا اہم ہوگا۔
اس وقت اگر مگر کی صورتحال جمعے کو ہونے والے میچ کے نتائج پر کافی حد تک منحصر کرے گی مگر کوئٹہ کیلئے اہم یہ ہے کہ وہ اپنا نیٹ رن ریٹ آخری میچ میں جس قدر ہوسکے بہتر کرے۔