عمران خان اتنا عزیز ہے تو زلمے خلیل زاد اسے اپنے پاس بلالیں: ترجمان پی ڈی ایم
حافظ حمداللہ نے کہا کہ آپ اسے ہالی ووڈ میں رکھتے ہیں یا اولڈ ہوم میں، غلام بھی آپ کا، مرضی بھی آپ کی، کیا زلمے خلیل زاد پاکستان الیکشن کمیشن کا چیف ہے جو الیکشن کی تاریخ دے رہا ہے؟۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید گہرا ہو گا: زلمے خلیل زاد
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اس سے ثابت ہوا کہ عمران خان پاکستان کا نہیں امریکا کا ایجنٹ ہے، وزارت خارجہ زلمے خلیل زاد کو شٹ اپ کال دے کہ ہمارے داخلہ امور میں مداخلت نہ کریں، پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانا اور اہلکاروں کو زخمی کرنا کیا یہ دہشتگردی اور ریاست پر حملہ نہیں؟ کیا یہ سب عدالتی حکم سے بغاوت نہیں؟
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ اس سیاسی دہشت گرد کو رعایت اور بار بار ریلیف دینا کہاں کا انصاف ہے؟ ریلی کی قیادت سے جان کو خطرہ نہیں لیکن عدالت میں پیشی پر خطرہ؟
انہوں نے کہا کہ کیا عدالت عمران خان کی اس منافقت کو سمجھنے سے قاصر ہے؟ کیا یہ دھوکا، فراڈ اور عدالت سے مذاق نہیں ہے؟ یہ شخص کسی قسم کی رعایت کا مستحق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اپنے ٹوئٹ میں زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید گہرا ہو گا، خرابی کو روکنے کے لیے جون کے اوائل میں قومی انتخابات کے لیے ایک تاریخ مقرر کریں۔